الوقت - شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شمالی صوبے رقہ کے میسلون کے رہائشی علاقے کی عمارتوں پر شدید بمباری کی ہے۔
امریکی طیاروں کی بمباری میں کم از کم 25 عام شہری ہلاک ہو گئے جن میں کم عمر کے 9 بچے بھی شامل ہیں۔ اس فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں معصوم شامی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اس سے کچھ دیر پہلے بھی شمالی شام کے صوبہ حلب کے کرد آبادی والے منبج علاقے پر بھی بمباری کی تھی جس میں درجنوں عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیارے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر زیادہ تر شام کے رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز کو نشانہ بناتے ہیں۔
دوسری جانب کرد ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر حلب میں شیخ مقصود نامی علاقے پر کیمیائی بموں سے حملہ کیا ہے۔ ادھر مغربی شام کے صوبہ حماۃ کے خنيفس ٹاؤن میں ہوئے ایک کار بم دھماکے میں 3 شہری جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔