الوقت - تلعفر ائیرپورٹ پر عراق کے وزیر اعظم کی ملاقات کے وقت امریکی سربراہی والے اتحاد نے ہوائی حملہ کیا۔
عراق کی رضاکار فورس کی کمان نے جمعے کی رات اعلان کیا ہے کہ جس وقت عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی، رضاکاروں کے کمانڈروں کے ساتھ تلعفرہوائی اڈے پر ملاقات کر رہے تھے اسی وقت امریکی قیادت والے بین الاقوامی اتحاد نے ہوائی حملہ کیا۔
موصولہ خبروں کے مطابق یہ حملہ جمعرات کو شام کو وقت کیا گیا جب حیدر العبادی ایک کیمپ میں عراقی رضاکار کمانڈروں سے صلاح و مشورہ کر رہے تھے۔ کمانڈروں کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل کیمپ سے صرف ڈیڑھ میٹر کے فاصلے پر گرا جس سے کچھ افراد زخمی ہو گئے۔ وہاں پر موجود میزائل کا معائنہ کرنے سے پتہ چلا کہ یہ حملہ داعش نے نہیں بلکہ بین الاقوامی اتحاد کے ڈرون نے کیا۔
واضح رہے کہ عراق کے وزیر اعظم نے جمعرات کو صوبہ نینوا میں فوجی محاذ پر جا کر قریب سے معائنہ کیا تھا اور اس معائنہ کے بعد انہوں نے تلعلفر ہوائی اڈے پر عراقی رضاکار کمانڈروں سے ایک اجلاس کیا جس کے دوران بین الاقوامی اتحاد کے ڈرون طیارے سے میزائل اس جگہ پر داغا گیا جہاں حیدر العبادی ملاقات کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے 14 اکتوبر کو بھی كركوک میں میدان جنگ کے معائنہ کے وقت ان پر راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔