شام کی ہلال احمر تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ حمص کے اطراف میں واقع رستن علاقے میں انسان دوستانہ امداد لئے ہوئے 51 ٹرکوں کو بھیجا گیا ہے۔
الوقت کی رپورٹ کے مطابق، العہد خبر رساں ایجنسی نے شام کے بارے میں رپورٹ دی ہے کہ انسان دوستانہ امداد کی یہ کھیپ، شام میں موجود اقوام متحدہ اور ریڈ کریسنٹ ادارے کے دفتر کی ہماہنگی سے حمص کے رستن علاقے میں ارسال کی گئی ہے۔
ہلال احمر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کھیپ میں 21 ہزار 500 غذائی پیکٹ، دوائیں، ضرورت کی چیزیں اور درسی کتابیں علاقے کے عوام کے لئے ارسال کی گئی ہے۔ ہلال احمر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ امداد صوبہ حمص کے رستن علاقے کے ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو دی جائے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس شہر کے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد لوگ جنگ کی وجہ سے حماۃ کے قرب وجوارکے علاقوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ رستن شہر 2012 سے دہشت گردوں کے قبضے میں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شام کے 40 لاکھ سے زائد افراد ایسے علاقوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں جن کا محاصرہ دہشت گردوں نے کر رکھا ہے۔ ان علاقوں میں ضرورت کی چيزیں پہنچ نہیں سکی ہیں۔