الوقت - ایران کے ممبران پارلیمنٹ نے تہران پر پابندیوں کے قانون میں دس کی توسیع مبنی امریکی ایوان نمائندگان کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی ممبران پارلیمنٹ نے منگل کو پارلیمنٹ کے ایک کھلے اجلاس میں ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مدت میں دس سالہ توسیع کے لئے امریکی ایوان نمائندگان کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جےسي پي او اے کے بارے میں منظور شدہ قانون کے مطابق جوابی کارروائی کرے ۔
ایرانی ممبران پارلیمنٹ کے اس بیان میں قومی عزت و وقار اور پرامن جوہری صنعت میں انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کی حفاظت پر تاکید کی گئی ہے۔
اس تناظر میں ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے نائب سربراہ کمال دہقانی فیروزآبادی نے امریکا کی طرف سے وعدوں کی خلاف ورزی اور ایوان نمائندگان کی جانب سے تہران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں توسیع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ سے فوری طور پر جوابی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ڈبل ارجنسی بل بھی پارلیمنٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بل کے ذریعے پارلیمنٹ سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ایران کی حکومت کو امریکی ایوان نمائندگان کے اس اقدام کے خلاف جوابی اقدامات کا پابند بنائے۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ہے۔