الوقت - پوری دنيا سے دسیوں لاکھ عزادار سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منانے کے لئے کربلائے معلی کی جانب رواں دواں ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، اب تک لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران سید الشہداء کربلا پہنچ چکے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ عزادار نجف اشرف سے کربلاء کی جانب پا پیادہ سفر میں مشغول ہیں یہ عزاداران حسینی چہلم کے روز کربلائے معلی پہنچ جائیں گے۔ دوسری جانب بغداد کے راستے سے کربلا جانے والے زائرین کی تعداد تقریبا 40 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ عراق کی حکومت نے راستے میں زائرین کو بہترین سیکورٹی اور دیگر سہولیات مہیا کی ہیں۔
واضح رہے کہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا اربعین ایران میں اتوار کو ہے جبکہ ہندوستان، پاکستان اور عراق سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں دوشنبہ کو اربعین کے مراسم منعقد ہوں گے۔ دوسری جانب آج پورے ایران میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ایران کے ہر طبقے اور عمر کے عزادار لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے جلوسہائے عزا میں شامل ہیں۔ چہلم کے موقع پر دارالحکومت تہران، مشہد المقدس اور قم المقدس سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، قریوں اور دیہاتوں میں مجالس عزا منعقد ہو رہی ہیں اور جلوسہائے عزا برآمد کئے جا رہے ہیں۔ اربعین حسینی کےموقع پرایرانی یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ تہران میں واقع حسینہ جماران پہنچے اور رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ کے سامنے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔
اربعین حسینی کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں میں عزاداری اور سینہ زنی کا سلسلہ گزشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا جو آج بھی جاری ہے۔ چہلم کی مناسبت سے تہران میں امام حسین (ع) علاقے سے ایک پیدل مارچ شروع ہوا جو شہر ری میں حضرت عبد العظیم الحسنی کے روضہ پر اختتام پذیر ہوا۔ صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوئے اس پیدل مارچ میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین شامل ہیں۔
لاکھو کی تعداد میں عزاداران امام حسین ہاتھوں میں پرچم لئے لبیک یا حسین کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ عراق میں اربعین حسینی کے ملین مارچ میں شرکت کے لئے اب تک بیس لاکھ سے زیادہ ایرانی عراق پہنچ چکے ہیں۔ سن 60 ہجری قمری میں ظالم اور بے دین یزید لعین نے نواسہ رسول کو کربلا کے تپتے صحرا میں تین دنوں کا بھوکہ پیاسہ شہید کر دیا تھا۔ سرکار سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید پلید کی بیعت سے انکار کر دیا تھا۔
حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پا پیادہ مارچ کرنے والے زائرین اور عزاداروں نے اسے دنیا کی سب سے بڑی ریلی اور مارچ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے ظلم کے خلاف جدوجہد کی اپیل کی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر نجف اشرف سے کربلا تک مارچ کرنے والوں نے دنیا کے لوگوں کے نام ایک خط شائع کیا ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے لوگوں سے ظلم سے جدوجہد کی اپیل کے ساتھ اس بات کو واضح کیا ہے کہ سامراجی طاقتیں اپنے مفادات کی حفاظت کے لئے قوموں کے درمیان اختلافات پیدا کر رہی ہیں۔ امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے مارچ میں شریک زائرین نے مظلومین کی حمایت اور دہشت گردی سے جدوجہد پر خصوصی زور دیا۔
اس خط پر اب تک ہزاروں لوگوں نے دستخط کئے ہیں۔ اس بات کا اندازہ ہے کہ 10 لاکھ سے زیادہ لوگ اس خط پر دستخط کریں گے۔ اس خط کا متن سوشل نیٹ ورک کی سائٹس پر نامہ اربعین یا اربعین لیٹر پیج کے نام سے عربی، فارسی، اردو، ترکی استابولي، انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں موجود ہے۔