الوقت - اسرائیلی صدر کے دورہ ہندوستان کی مخالفت کرتے ہوئے ہندوستانی طلباء نے نئی دہلی میں مظاہرہ کر کے صیہونی صدر کو ہندوستان چھوڑ کر چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے دارالحکومت میں منگل کو "اسرائیل مردہ باد"، "استعماری طاقتیں مردہ باد" اور "فلسطین زندہ باد" کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے صیہونی حکومت کی جانب سے مظلوم فلسطينی عوام کے قتل عام کی مذمت کی اور اسرائیلی صدر روین رولن سے فوری طور پر ہندوستان سے چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین نے حکومت ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت سے اپنے ہر طرح کے سیاسی و اقتصادی تعلقات کو ختم کرے۔ دہلی کی سڑکوں پر اسرائیلی صدر کے ہندوستان آمد کی خلاف مظاہرہ کر رہے مظاہرین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جاری مظالم کو ختم کروائے۔
مظاہرے میں شریک طلبہ نے نئی دہلی میں واقع اسرائیلی سفارتخانے کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے مظاہرین کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی صدر روین رولن، ہندوستانی صدر پرنب مکھرجی کی دعوت پر ہندوستان کے 6 روزہ سرکاری دورے پر دہلی پہنچے ہیں۔ دوسری طرف صیہونی صدر کے دورہ ہندوستان کے حوالے سے ہندوستانی مسلمانوں میں بھی کافی غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ روین رولن کے ہندوستان دورے کے خلاف جمعے کو بھی نماز جمعہ کے بعد مختلف مسلم تنظیموں نے نئی دہلی میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔