الوقت - شام کی فوج نے حلب شہر کے مغربی علاقے میں اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے تقریبا 1100 گھروں پر مشتمل ایک کالونی کو داعش کے چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے رضاکار فورس اور اپنے اتحادیوں کی مدد سے جنوب مغربی حلب میں واقع 1070 گھروں پر مشتمل ایک رہائشی کالونی اور اس کے آس پاس کے پہاڑی علاقوں کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ شام کی فوج نے منگل کی صبح کو ہی مغربی حلب کی مؤتہ اور ام رخم نامی پہاڑیوں کو اپنے کنٹرول میں لے کر اس کالونی کی طرف داعش کے رسد کے راستے کو بند کر دیا تھا۔
شامی ذرائع کے مطابق اس کالونی پر شامی فوج کے کنٹرول سے مغربی حلب کے ہی ضاحیۃ الاسد علاقے کو دہشت گردوں سے آزاد کرانا کافی آسان ہو جائے گا۔
شامی فوج نے اسی طرح حلب کے جنوب مغرب میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر توپخانے سے حملہ کیا۔ واضح رہے کہ حلب شہر، جو ایک وقت شام میں سیاحت کا مرکز مانا جاتا تھا، اس وقت دہشت گرد گروہوں اور شام کی فوج کے درمیان شدید جنگ کے میدان میں تبدیل ہو چکا ہے۔