الوقت - عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ یمن میں جھڑپوں کے دوران 7 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریبا 37 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، عالمی ادارہ صحت نے اتوار کی رات ایک بیان میں کہا کہ یمن کی جنگ کے آغاز سے 25 اکتوبر تک 7070 سے زائد افراد ہلاک اور 36 ہزار 818 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ دو کروڑ دس لاکھ افراد کو فوری طبی سہولت کی ضرورت ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے بیان میں آیا ہے کہ 21 لاکھ افراد یمن میں تشدد کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں اور اس ملک کے نصف سے زیادہ طبی مراکز مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں یا ان کی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں۔
بیان میں آیا ہے کہ یمن کے چالیس فیصد سے زیادہ علاقوں کو ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے۔ یمن میں 26 مارچ 2015 سے عوام تحریک انصار اللہ اور منصور ہادی کے حامیوں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے۔
یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کو سعودی عرب سمیت علاقے کے بعض عرب ممالک کی حمایت حاصل ہے ۔
یمن میں جنگ بندی کی پابندی کے لئے متحارب فریقوں کو آمادہ کرنے اور امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔