الوقت - داعش سے وابستہ میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے سرغنہ ابوبكر البغدادی نے اپنے آڈیو پیغام میں داعش کے دہشت گردوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے چھوڑ کر موصل سے فرار نہ ہوں ۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، عراقی فوج موصل شہر کے مشرقی علاقوں سے مشرقی محلوں میں داخل ہو گئی ہے۔ اسی بات کے پیش نظر داعش کے سرغنہ ابو بکر البغدادی نے دہشت گردوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار نہ ہوں اور عراقی فوج کا مقابلہ کریں۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر خود ساختہ خلیفہ ابو بکر البغدادی کی جانب سے اس ویڈیو کے جاری ہونے کا مقصد، موصل میں داعش کے آخری گڑھ میں داعش کے دہشت گردوں کے حوصلے کو بڑھانا ہے۔
چاروں جانب سے بری طرح سے گھر جانے کے بعد ابوبكر البغدادی نے الفرقان نامی ٹی وی چینل پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بزدلانہ فرار اور میدان جنگ چھوڑنے سے موت بہتر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ابوبكر البغدادی کا آخری پیغام دسمبر 2015 میں سامنے آیا تھا۔ البغدادی کی جانب سے اس نئے پیغام کے جاری ہونے سے پتا چلتا ہے کہ داعش کے دہشت گرد عراقی فوج کے سامنے شکست کھا چکے ہیں اور ان کا حوصلہ بری طرح پست ہو چکا ہے جس کی وجہ سے وہ میدان چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں۔