الوقت - ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی کے درمیان پاکستان نے ہندوستان میں تعینات اپنے چھ سفارتکاروں کو واپس بلا لیا ہے۔
پاکستان نے دہلی میں واقع اپنے ہائی کمیشن کے چھ ملازمین کو واپس بلا لیا ہے اور مذکورہ سفاتکار ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تلخ اور کشیدہ ماحول میں کام کرنا ممکن نہیں ہے۔ کچھ دن پہلے ہی مبینہ جاسوسی کو لے کر پاکستانی ہائی کمیشن کے ملازم محمود اختر کو ہندوستان نے ملک سے نکال دیا تھا، ہندوستانی وزارت خارجہ کے ذرائع نے کہا کہ ہندوستان بھی اپنے آٹھ سفارت کاروں کو اسلام آباد سے واپس بلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے کیونکہ ان کے نام اور تصاویر وہاں کے میڈیا میں شائع اور نشر ہوئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا میں اس طرح کی خبریں آئی ہیں کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کے چھ اہلکار ہندوستانی کی خفیہ سروس "را" کے لئے پاکستان کی جاسوسی کر رہے تھے۔ اس مسئلے میں دعوی کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن میں کمرشل کونسلر راجیش کمار اگنی ہوتری ’را‘ کے اسٹیشن چیف ہیں، جبکہ فرسٹ سیکریٹری کمرشل انوراگ سنگھ، ویزا اسسٹنٹس امردیپ سنگھ بھٹی، اسٹاف ممبران دھرمندر سودھی، وجے کمار ورما اور مدھاون نندا کمار ’را‘ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ فرسٹ سیکریٹری پریس اینڈ انفارمیشن بلبیر سنگھ اور اسسٹنٹ پرسنل ویلفیئر آفس جیابالن سینتھل آئی بی کے ایجنٹ ہیں۔