الوقت - موصل میں نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے فضائی حملوں میں کم از کم 5 عام شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
بدھ کو داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے حملوں میں کم از کم 5 شہری ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہو گئے۔
اس درمیان، عراق میں رضاکار فورس عصائب اہل الحق نے کہا ہے کہ امریکا، عراق کی تقسیم کی سازش کر رہا ہے، اس کے بعد ایسا ہی قدم مشرق وسطی کے دیگر ممالک کے خلاف اٹھایا جائے گا۔
اس رضاکار فورس کا کہنا ہے کہ امریکا، عراقی رضا کار فورس کو عراق میں اپنے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب عراقی رضا کار فورس عراقی فوج کے ساتھ مکمل تعاون کر کے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف بر سر پیکار ہے۔ دوسری جانب عراقی فوج نے موصل شہر کے 7 دیگر علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی فوج نے رضاکار فورس کے ساتھ مل کر جہاں موصل کے قریب میں واقع 7 گاؤں آزاد کرائے وہیں پر ایک بڑے گیس پلانٹ کو داعش کے چنگل سے بھی آزاد کرا لیا۔
اسی درمیان پيشمرگا فورس نے بعشيقہ شہر کے طرف اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے وہاں کے ایک گاؤں دیربک کو آزاد کرا لیا ہے۔
ادھر عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے رکن، موصل کے ایک علاقے میں تعینات کئے گئے ہیں جو کسی بھی وقت مرکزی موصل پر حملہ شروع کر سکتے ہیں۔ رشيا ٹوڈے کے مطابق موصل مہم کو ناکام بنانے کے مقصد سے داعش کے دہشت گرد موصل میں مختلف قسم کی رکاوٹوں پیدا کرنے کے ساتھ ہی عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دس دنوں سے جاری موصل کی آزادی کی مہم میں عراقی سکیورٹی فورسز کو قابل ذکر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔