الوقت - عراق کے مغربی صوبے الانبار میں واقع الرطبہ شہر پر عراقی سیکورٹی فورسز کا مکمل کنٹرول ہو گیا ہے۔
سومريہ نیوز کے مطابق، صوبہ الانبار کے گورنر صهيب الراوی نے عراقی فورسز کی جاری پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح فورس الرتبہ شہر کی سرکاری عمارت، زیتون سڑک اور میثاق محلے میں داخل ہو گئی ہے۔
اسی تناظر میں الانبار کی صوبائی کونسل کے رکن عذال الفہداوی نے بھی الرطبہ شہر کے اندر سیکورٹی فورس کے مکمل کنٹرول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورس نے قبائلی فورس کے ساتھ اس شہر میں ان علاقوں میں فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے جہاں داعش کے عناصر موجود ہیں۔
عذال الفہداوی نے کہا کہ اس وقت تک الرطبہ شہر میں کرفیو نافذ رہے گا جب تک دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ عراقی فوجی یونٹس الرطبہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں تعینات ہو گئی ہیں اور داعش کے عناصر کو تلاش کر رہی ہے۔
عراقی رضاکار فورس نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر الرتبہ شہر پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے انہیں شدید نقصان پہنچایا۔
اس سے پہلے عراقی سیکورٹی فورس صوبہ الانبار کے الرمادی اور فلوجہ شہر کو آزاد کرا چکی ہے اور مغربی الانبار میں صرف تین شہر قائم، عنہ اور راوہ پر داعش کا قبضہ باقی ہے۔