الوقت - افغان نیشنل کمانڈوز صوبہ ہلمند میں افغان طالبان کی قید میں موجود 10 فوجیوں کو آزاد کرانے میں کامیاب رہے ہیں۔
افق نیوز ایجنسی کے حوالے سے الوقت نے رپورٹ دی ہے کہ افغان نیشنل گارڈ نے قہر میوند نامی آپریشن چلا کر طالبان کی جیلوں میں بند 10 فوجیوں کو آزاد کرا لیا ہے۔
افغان فوج کی اس کاروائی کے دوران نہر سراج شہر کے نواحی علاقے یخچال میں طالبان کی ایک جیل تباہ ہوگئی اور جیل میں بند 10 افغان فوجیوں کو کامیابی کے ساتھ آزاد کرا لیا گیا۔
افغان سیکورٹی اہلکاروں کی اس کاروائی میں بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ قہر میوند نامی فوجی آپریشن گزشتہ بدھ کو ہلمند صوبے کے مختلف علاقوں کو طالبان اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کے وجود سے پاک کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔
افغانستان کے نا امن علاقوں میں سے ایک ہلمند صوبہ بھی جہاں طالبان اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔