الوقت - عراقی فوج نے كركوک شہر میں جمعے کے دہشت گردانہ حملے کے بعد اس علاقے پر مکمل کنٹرول کر لیا ہے۔
سومريہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ فوج، رضاکار فورسز اور کرد ملیشیا نے ہفتے کو كركوک شہر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگا کر ان پر شدید حملہ کیا جس میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر اس کارروائی میں داعش کے 48 دہشت گرد مارے گئے ۔ جمعہ کو داعش كے دہشت گردوں نے كركوک کی اہم سرکاری عمارتوں اور تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔
جمعے کو شمالی كركوک میں ایک بجلی گھر پر داعش کے خود کش حملے میں 16 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے جن میں چار ایرانی ٹیکنیشین بھی شامل تھے۔
دہشت گرد ان حملوں کے ذریعے شہر پر کنٹرول قائم کرنا چاہتے تھے لیکن فوج اور كركوک کی پولیس کی ہوشیاری سے ان کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا جس کے دوران دسیوں دہشت گرد مارے گئے۔
عراقی حکام نے ہفتے کو بتایا کہ شہر میں داعش کے حملوں میں کم سے 46 افراد جاں بحق اور 133 دیگر زخمی ہوئے۔