الوقت - صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں مغربی کنارے میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی بچے کو شہید کردیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطین کے وزیر صحت نے کہا ہے صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کرکے ایک 15 سالہ نوجوان فلسطینی خالد احمد بحر کو شہید کر دیا۔
اس فلسطینی نوجوان کا تعلق مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت امر سے بتایا گیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے شمالی الخلیل کے بیت امر کے علاقے میں فلسطینی نوجوان کو گولی ماری ہے۔
صیہونی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ یہ جوان فوجیوں پر راکٹ فائر کررہا تھا جس کو روکنے کیلئے پہلے ہوائی فائرنگ کی گئی بعد ازاں وہ گولی لگنے سے مارا گیا۔
صیہونی فوجی متعدد بہانوں سے روز مرہ فلسطینی جوانوں،بچوں اور خواتین کو اپنی بربریت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ فلسطینی حکام اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجی جن نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا کرتے ہیں وہ عام طور پر مسلح نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ تیسرے انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نہتے فلسطینیوں کی تعداد سیکڑوں میں پہنچ چکی ہے۔