الوقت - شام میں بیلجیم کے فضائی حملے میں 6 شامی شہری جاں بحق اور 4 دیگر زخمی ہوئے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق، بیلجیم کے 2 جنگی طیاروں نے شہر حلب کے قریب بمباری کی، جس میں 6 شامی شہری جاں بحق ہوئے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے بدھ کو اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ شام میں ایک رہائشی علاقے پر امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔
زخارووا نے امریکی اتحاد کے تازہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو حلب کے مضافاتی علاقے میں واقع حسجک گاؤں پر حالیہ بمباری کے بارے میں واشنگٹن سے وضاحت چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے مرکز میں رجسٹرڈ اطلاعات کے مطابق، پیر کی رات ایک رہائشی علاقے پر فضائی حملہ ہوا، جس میں شہری جاں بحق ہوئے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ بمباری کے وقت فضا میں کوئی روسی اور شامی طیارہ محو پرواز نہیں تھا اور پرواز ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ بیلجیم کے 2 ایف -16 طیارے پرواز کر رہے تھے۔
حلب پر حالیہ بمباری شامی عوام اور فوجیوں پر امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملے کا ہی سلسلہ ہے۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر کو امریکی اتحاد کے دیرالزور کی چھاؤنی پر فضائی حملے میں 100 شامی فوجی جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے۔ جس وقت امریکی اتحاد نے ہوائی حملہ کیا تھا اس وقت شام کے فوجی داعش سے بر سر پیکار تھے۔