الوقت - عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے دجلہ کے مشرقی ساحل سے موصل سٹی کی جانب فوج کی پیشقدمی جاری ہے۔
العراقیہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، تل اسقف علاقے کے چار دیہاتوں میں عراقی شہریوں کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے فوج کی پیشرفت بدستور جاری ہے۔
عراق کے الاتجاه ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی موصل شہر میں حمام العلیل علاقے میں سرکاری عمارتوں پر فوج نے ملک کا پرچم لہرا دیا ہے اور جنوبی موصل کے الحوض علاقے کے دیہات پر کنٹرول کرکے القيارہ علاقے کے تیل کے کنوؤں کو محفوظ کر لیا ہے۔ العالم ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ عراق کی فیڈرل پولیس کے کمانڈر نے بتایا ہے جنوبی موصل شہر کے الحود علاقے کے باشندوں نے داعش کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ہے اور اس علاقے کے عوام نے فوج کے ساتھ تعاون پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگ داعش کی خفیہ ٹھکانوں کی اطلاع فوج کو دے رہے ہیں.
فرانس پریس نے بھی رپورٹ دی ہے کہ موصل شہر کی مہم کے دوران علاقے میں بحرانی انسانی صورتحال اور سردی کے موسم میں ہزاروں لوگوں کے بے گھر ہونے پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے.
دوسری جانب عراق میں موصل شہر کی آزادی کی مہم شروع ہونے کے ساتھ ہی رضاکار فورس کے ترجمان نے اس شہر کے باشندوں کو خطرناک منصوبے کی جانب سے خبردار کیا ہے.
یوسف الکلابی نے اپنے بیان میں موصل شہر کے باشندوں کو آگاہ کیا ہے کہ داعش کے دہشت گرد رضاکار فورس کی وردی پہن کر عام لوگوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موصل شہر کی آزادی کی مہم کے دوران عوام کے درمیان اختلافات پھیلانے کی بہت بڑی سازش تیار کی گئی ہے اور عرب و مغربی میڈیا فلوجہ اور دیگر علاقوں کی آزادی کی مہم کی مانند آگ پر تیل چھڑکنے کا کام کر رہے ہیں ۔
عراق کی رضاکار فورس کے ترجمان نے کہا کہ موصل میں موجود کچھ گروہ نے فوج اور رضا کار فورس سے ملتی جلتی وردی یا فوجی لباس شہر میں پہنچا دیا ہے تاکہ وہ موصل شہر کے معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ اقدامات انجام دیں اور اس کے بعد رضاکار فورس پر اس کا الزام عائد کریں۔
یوسف الکلابی نے موصل شہر کے باشندوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس قسم کے لوگوں کی شناخت کرکے فوج کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اس طرح کے لوگوں کو قانون کے كٹهرے میں کھڑا کیا جا سکے۔