الوقت - ہندوستان کے شہر گوا میں جاری بریکس سربراہی اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ تشدد اور دہشت گردی کی مدد کرنے، پناہ دینے، حمایت کرنے اور اسپانسر کرنے والے لوگ ہمارے لئے اتنے ہی خطرناک ہیں جتنے کہ دہشت گرد۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گوا اجلاس کے اعلامیہ کو منظور کیا ہے جس میں ہمارے تعاون کے لئے ایک جامع حکمت عملی پیش کی گئی ہے۔ بریکس کے اعلامیہ میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے۔ اس میں ہندوستان میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم اس بات کو لے کر متفق تھے کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور بنیاد پرستی علاقائی اور عالمی امن اور اقتصادی تعلقات کے لئے خطرہ ہیں۔ عالمی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانا ہماری گفتگو کا دوسرا اہم نقطہ رہا۔
بریکس سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی ہماری ترقی اور اقتصادی خوشحالی پر ایک طویل سائے کی طرح ہے اور یہ زیادہ مہلک ہو گئی ہے۔ بریکس ممالک کو ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ اور بدعنوانی سے لڑنے کے لئے اپنے وسائل کا استعمال کرنا چاہئے۔