الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرینگر کے مضافاتی علاقے میں فوجی قافلے پر گھات لگا کر کیے گئے حملے میں دو فوجی ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔
ہندوستانی فوج کے ایک افسر نے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے بعد مشتبہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ مارے گئے لوگوں میں ایک فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نگر کے گاندربل شاہراہ پر ایس ایس بی کے جوان ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ ڈیوٹی سے واپس کیمپ لوٹتے وقت حملہ آوروں نے فوج کے قافلے پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے پانچ سے سات منٹ کے درمیان ساٹھ راؤنڈ فائرنگ کی۔
حملہ آوروں کی تعداد دو بتائی جا رہی ہے۔ سری نگر کے بیرونی علاقے کے زكورا پولیس اسٹیشن سے 200 میٹر کے فاصلے پر یہ حملہ ہوا۔ زكورا حملے کی ذمہ داری عمر المجاہدین گروپ نے قبول کی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظآم کشمیر میں چند ہفتوں کے دوران کئی حملے ہوئے ہیں۔ ان میں سب سے بڑا حملہ 18 ستمبر کو ہندوستانی فوج کی چھاؤنی پر ہوا تھا جس میں 19 فوجی مارے گئے تھے۔