الوقت - صیہونی فوجیوں نے جنوبی غزہ پٹی میں واقع خان یونس کے مشرقی علاقے میں فائرنگ کرکے 10 سالہ فليسطيني بچے کو شہید کر دیا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 10 سالہ فليسطيني بچہ عبداللہ ابو نظيف اس وقت اسرائیلی فوجیوں کی گولی لگنے سے شہید ہو گیا جب جارح صیہونی فوجی خان یونس میں فلسطینیوں کے گھروں پر فائرنگ کر رہے تھے۔
غزہ پٹی میں موجود فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ نے بتایا کہ شہید فليسطيني بچے کی کمر میں گولی لگی تھی اور اگر وقت رہتے اسے ہسپتال لے جایا گیا ہوتا تو شاید اس کی جان بچ جاتی، لیکن اسرائیلی فوجیوں نے اسے گولی مارنے کے بعد کافی وقت تک روڈ پر تپڑتا رہنے دیا اور کسی کو اجازت نہیں دی کہ وہ عبداللہ کو اسپتال لے جائے۔
قابل ذکر ہے کہ اس واقعہ سے کچھ ہی دیر پہلے صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کر رہے فلسطینی جوانوں کو فائرنگ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور پانچ دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ تیسرے انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک تقریبا 200 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی بچوں نے غزہ پٹی میں واقع عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر کے سامنے جمع ہو کر صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی ہے۔
فلسطینی بچوں نے ایمان ابوصبیح کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جس کے والد بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہو گئے تھے۔