الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دو حملہ آور ہلاک جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، سری نگر - جموں ہائی وے پر واقع انٹرپرینور شپ ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کی عمارت میں پیر کے روز دو حملہ آور داخل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے عمارت کو چاروں طرف کے محاصرے میں لے لیا تھا۔ یہ جھڑپ تین دن کے بعد ختم ہوئی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک ہندوستانی سیکورٹی اہلکار زخمی ہوا جسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں سے نمٹنے کے لئے پوری عمارت تباہ کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے کئی کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور 100 سے زائد راکٹ عمارت پر فائر کیے جس کے نتیجے میں اندر موجود حملہ آور مارے گئے۔ یہ جھڑپ
56 گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے راکٹ داغ داغ کر سات منزلہ عمارت کو کھنڈر میں تبدیل کردیا۔ ہندوستانی حکام کا کہنا تھا کہ عمارت میں حملہ آوروں کو چھپنے کی بہت سی جگہیں تھیں جس کی وجہ سے جھڑپ اتنی طولانی ہوگئی۔