الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ سعودی قیادت والے اتحاد کی مدد کرنے والے تمام ملک یمن میں جاری جنگی جرائم کے ذمہ دار ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے سکریٹری جنرل کو ایران کے وزیر خارجہ ظریف کا خط دیا جس میں جواد ظریف نے بان کی مون سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں مجلس عزاء پر سعودی عرب کے حملے کے وحشیانہ سانحہ پر ایران کے شدید غم و غصہ کا نوٹس لیا جائے۔
وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ سعودی عرب کے حامیوں کو چاہئے کہ ان مجرمانہ اقدامات کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری قبول کریں۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ اگر بعض مغربی ممالک کی مدد نہ ملتی تو یمن کی اصل تنصیبات کو تباہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر جاری سعودی عرب کے حملے جاری نہ رہ پاتے۔
دوسری طرف ایران نے کہا ہے کہ وہ طبی سہولیات سے لیس ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو علاج کے لئے ایران کے ہسپتالوں میں لانے کے لئے تیار ہے جبکہ وہ سعودی حملے کے زخمیوں اور متاثرین کے لئے مدد بھیجنا چاہتا ہے۔