الوقت - یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے بتایا ہے کہ متحارب فریقوں نے 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
الميادين ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اور تحریک انصار اللہ اور علی عبداللہ صالح کے درمیان ہوئے مذاکرات میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی نافد کرنے والی کمیٹی نے اپنے کام شروع کر دیا ہے اور تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اپریل 2016 کو کویت کی ثالثی سے یمن میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا لیکن سعودی عرب کی جانب سے مسلسل بمباری کرنے کی وجہ سے جنگ بندی ناکام رہی تھی۔