الوقت - رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلح فوج کی اخلاقی، ایمانی اور سائنسی آمادگی اور دفاع مقدس کے دور کے تجربات نوجوان فوجیوں تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مسلح فوج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کو شہید ستاری كیڈٹ کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی افواج کو ہمیشہ تیار رہنا چاہئے تاکہ ضرورت کے وقت اپنا کردار صحیح طریقے سے ادا کر سکے۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی تعلیمات، اپنی آزادی و خود مختاری، اعلی قدروں اور دین الہی کی حاکمیت کے عقیدے پر کاربند رہنے کی بنا پر ایرانی قوم کو آج دشمنوں کے ایک وسیع محاذ کا سامنا ہے، فرمایا کہ دفاع مقدس کا دور ایک مشکل امتحان تھا جس میں ایرانی افواج کے صفات کھل کر سامنے آئے اور اس نے متعدد عظیم کارنامے انجام دیئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ واقعی ایک بین الاقوامی جنگ اور ایران کی سرحدوں، اس کی شناخت، عقائد، اسلامی نظام اور عوام کے انقلاب پر بڑی طاقتوں اور ان کے علاقائی و بین الاقوامی کارندوں کا وسیع حملہ تھا۔
آیة اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ کیڈٹ كالجوں کا ایک ضروری قدم یہ ہے کہ وہ نوجوان فورسز کو دفاع مقدس کے زمانے کے ماحول اور اس وقت کے حالات سے آگاہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دوست و دشمن سمیت پوری دنیا ملت ایران اور اسلامی نظام کی عظمت، حکمت، ہمت اور طاقت کا اعتراف کرتی ہے۔