آجکل بالوں کے گرنے کے مسائل سے تقریبا سبھی لوگ پریشان ہیں۔ ہم آپ کو بالوں کی صحت مند نشوونما کے لیے کچھ گھریلو نسخے بتا رہے ہیں :
ایلو ویرا
بالوں کو گرنے سے روکنے کے لئے ایلو ویرا بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ ایلو ویرا سر کی سطح کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرکے ہیئر سیلز کے لیے ایسا صحت مند ماحول تیار کرتا ہے کہ بالوں کی نشوونما بہتر ہوجاتی ہے۔
ملیٹھی کی جڑ
ملیٹھی کی جڑ بالوں کے گرنے کا قدرتی علاج بھی ہے۔ اس جڑ کو خشک اور خارش زدہ سر پر استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ یہ بالوں کی کمزور جڑوں کو مضبوط کرتی ہے۔
پیاز کا عرق
پیاز کا عرق بالوں کی نشوونما میں بہت زیادہ مفید ہوتا ہے۔ یہ عرق ایسا قدرتی طریقہ علاج ہے جو بالوں کو گرنے سے روک کر ان کی نشوونما بہتر بناتا ہے۔
لہسن
لہسن بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔
ناریل کا دودھ
بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ نمی ختم ہوکر خشکی بڑھ جانا ہے اسی لئے اکثر شیمپو اور کنڈیشنرز کا مرکزی جز ناریل ہوتا ہے۔ دن میں ایک بار ناریل کے دودھ کی مالش کریں اور دس منٹ تک کے لیے چھوڑنا جلد اس مسئلے سے نجات دلا سکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
اس سرکے کی تیزابیت سر کی سطح میں تبدیلیاں لاکر خشکی کو دور کرتی ہے۔ چوتھائی کپ سیب کے سرکے کو چوتھائی کپ پانی میں ملا کر کسی اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور پھر اپنے سر پر اس کا چھڑکاﺅ کریں۔ اس کے بعد اپنے سر پر تولیہ لپیٹیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک کے لیے بیٹھ جائیں اور پھر بالوں کو دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں دو بار اس کو دہرائیں۔
انڈے
انڈے کا ماسک بھی بالوں کے گرنے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انڈوں کے استعمال کے لیے ایک انڈے کو ایک چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں مکس کریں، بالوں کو دھونے کے بعد اس پیسٹ کو بالوں پر لگا کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔