الوقت - ہندوستان نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، ہندوستان کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ منگل کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کی آڑ میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کی پاکستان کی جانب سے کوشش ہوئی۔ تاہم فوج نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی اشتعال انگیز کاروائیوں کے جواب میں ہندوستانی فوج نے بھی فائرنگ کی جس میں 10 در انداز ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے میں نگرانی تیز کر دی ہے۔ دوسری جانب ہندواڑا میں بھی سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گيا۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔
اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ اڑی سیکٹر میں فوج کے ہیڈ کوارٹر پر اتوار کو علیحدگی پسند چھاپہ ماروں کے حملے کے بعد پاکستان کی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ۔ در اندازی کا واقعہ اڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب منگل کی دوپہر بعد پیش آیا جس پر ہندوستانی فوج نے جوابی کاروائی کی۔
اڑی سیکٹر میں دراندازی کی یہ کوشش دو الگ الگ جگہوں پر لاچھی پورا اور ماہيا بونيار میں ہوئي۔ دراندازی کی کوشش کر رہے 10 در انداز فوج کی کارروائی میں مارے گئے تاہم اس دوران 5 در انداز فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی جانب سے اس بارے میں باضابطہ کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔