الوقت - ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوجی چھاؤنی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر داخلہ نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس پہچانا جانا چاہئے اور تنہا کر دینا چاہئے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر سخت الفاظ میں الزام عائد کیا کہ اس بات کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ حملہ آور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور وہ بہت زیادہ تربیت یافتہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں اور دہشت گرد گروہوں کی مسلسل حمایت سے میں شدید مایوسی کا شکار ہوں۔
دوسری جانب پاکستان نے ہندوستان کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے اڑی سیکٹر حملےکا الزام بغیر تحقیقات کے لگایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہندوستان کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے یہ روش اختیار کر رکھی ہے کہ وہ اپنے ملک میں ہونے والے ہر دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کئے بغیر اس کی ذمہ دار پاکستان پر ڈال دیتا ہے یہاں تک کہ بہت سے دہشت گردانہ واقعات میں خود ہندوستان ملوث رہا ہے اور اس کا الزام بھی پاکستان پر لگایا گیا۔ نفیس زکریا نے کہا کہ مذکورہ الزام کی وجہ سے ہندوستان عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر میں ہندوستانی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سے ہٹانا چاہتا ہے۔