الوقت - اسرائیل کی ناکہ بندی سے گھرے غزہ کے لئے انسانی امداد لے کر اسپین کے بارسیلونا شہر کی بندرگاہ سے 2 کشتیاں بین الاقوامی خواتین کارکنوں کی قیادت میں روانہ ہوئی ہیں۔
یہ کشتیاں بدھ کی شام کو روانہ ہوئیں۔ پہلی کشتی کا نام ہے امل یعنی امید اور دوسری کا نام زیتون ہے۔ ان میں سے ہر ایک میں 11 خواتین سوار ہیں۔ اس کشتی پر لگے بینر پر لکھا ہے، "غزہ کے لئے خواتین کی کشتی"۔ ان کشتیوں کے اکتوبر کے شروع میں غزہ پہنچنے کی امید ہے۔
اس مہم کی ترجمان ظہر چیمبرلن ریگیو نے کہا کہ کشتیوں پر دوائیں اور کھانے کی اشیاء لدی ہیں جسے پہنچنے پر غزہ کے شہریوں کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر اس کا مقصد امید اور اتحاد کا پیغام لے جانا ہے کیونکہ غزہ کے شہریوں کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ جون 2007 سے اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کے 18 لاکھ عوام کا نہ صرف زندگی سطح نیچے گر گیا بلکہ غربت اور بے روزگاری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔
ظہر چیمبرلن ریگیو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اسرائیل انہیں غزہ جانے سے نہیں روکے گا کیونکہ یہ کارواں اس حکومت کے لئے خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی بندرگاہ نہیں جا رہے ہیں اس لئے ان کے پاس ہمیں روکنے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔