الوقت - ہندوستان اور نیپال کے وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید توسیع کا عزم ظاہر کیا ہے۔
نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ نے جمعے کو نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے راستوں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ نیپال میں امن، استحکام اور خوشحالی ہندوستان کے مفاد میں ہے۔ دو گھنٹے تک چلنے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط کئے۔ اس سے پہلے نیپال کے وزیر اعظم کا صدارتی محل میں شاندار استقبال کیا گیا۔
نیپال کے وزیر اعظم کے دورہ ہندوستان سے پہلے نئی دہلی نے کہا تھا کہ نیپال میں آئین میں ترمیم کا مسئلہ اس کا داخلی مسئلہ ہے اور ہندوستان سے اس کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ نئی دہلی کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ خود نیپال کے عوام کو کرنا ہے۔ پشپ کمل دہل پرچنڈ چند ماہ کے دوران دوسری بار نیپال کے وزیر اعظم بنے ہیں۔