الوقت - پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں ہوئے خود کش دھماکے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہو گئے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق، مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار کے علاقے پائی خان میں نماز جمعہ کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکہ جس وقت ہوا اس وقت نماز جمعہ کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ زخمیوں نزدیکی اسپتال میں داخل کرا دیا گيا ہے۔
زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے جن کو باجوڑ ایجنسی اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خود کش تھا، حملہ آور مسجد کے برآمدے میں داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعطم نواز شریف، صدر ممنون حسین، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اس دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔