الوقت - عید الاضحی کے دن بھی سعودی عرب نے یمن کے کئی علاقوں پر بمباری کی جس میں دس سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔
صعده صوبے کے سحار شہر میں سعودی عرب کے حملوں میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ صوبہ حجہ میں بھی بہت سے علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں نے بمباری کی لیکن اس حملے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سعودی عرب کے حملوں کے جواب میں یمنی فوج اور رضاکار فورسز کی میزائل یونٹ نے جنوبی سعودی عرب کی کنگ خالد فوجی چھاؤنی اور خمیس مشیط ہوائی چھاؤنی پر میزائل فائر کئے۔
یمن کے اندر ضالع صوبے میں بھی سعودی ایجنٹوں پر یمنی فوج اور رضاکار فورسز نے حملہ کیا ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے سرحدی شہر عسیر کے پہاڑی علاقے شیبانی میں واقع الہنجر نامی فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا ہے۔ یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن نے ایسی فوٹیج جاری کی ہیں جن میں سعودی فوجیوں کو مذکورہ اڈے سے فرار ہوتے دکھایا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سعودی فوج کی متعدد گاڑیاں تباہ کردی گئیں جبکہ بھاری مقدار میں فوجی ساز و سامان بطور مال غنیمت یمنی فوج کے قبضے میں آگیا ہے۔