الوقت - ایران اور پاکستان نے ’آزاد تجارتی معاہدے‘ پر مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ملکوں نے اتفاق کیا ہے کہ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس محرم الحرام کے بعد منعقد ہو۔ پاکستان کی حکومت نے جاری سال میں’آزاد تجارتی فریم ورک معاہدے‘ کا مسودہ ایران بھیجا تھا جس کا جواب پاکستان کو موصول ہوگیا۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں آزاد تجارتی معاہدے پر باقاعدہ مذاکرات شروع کئے جانے پر فیصلہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات جون کے مہینے میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن دونوں ممالک آزاد تجارتی فریم ورک کا مسودہ مقررہ وقت پر ایک دوسرے کے حوالے نہيں کر سکے جس کی وجہ سے مذاکرات شروع ہونے میں تاخیر ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے رواں سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران دونوں ممالک نے 5 سالہ اسٹریٹیجک پلان پر دستخط کیے تھے۔