الوقت - ہندوستان کے دورے پر گئے ایران کی اعلی قومی سکیورٹی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ تہران - نئی دہلی کے درمیان دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات میں توسیع کا مقدمہ فراہم ہے۔
علی شمخاني نے جمعے کو نئی دہلی پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں ایران اور ہندوستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں ہٹنے کے بعد سیاسی، سیکورٹی، دفاعی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون میں توسیع دونوں ممالک کی سب سے اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے مئی میں دورہ ایران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے دور میں جن ممالک نے ایران کا ساتھ دیا، ان کے ساتھ کثیر الجہتی تعاون میں توسیع ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے۔
ایران کی اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری نے زور دیا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر تہذیبی، ثقافتی، تاریخی اور مذہبی لحاظ سے دونوں ممالک میں پائے جانے والے اشتراک نے آپس میں ثقافتی تعلقات میں توسیع کے لئے مناسب راستہ ہموار کیا ہے۔
علی شمخاني نے کہا کہ ایسی صورت میں کہ جب تکفیری دہشت گردی نے مذہب اسلام کی غلط تشریح کے ذریعہ دنیا میں مسلمانوں کے چہرے کو خراب کیا ہے، دنیا کے مسلمانوں کے درمیان رابطہ بڑھا کر دہشت گردی کے نظریات کا مقابلہ کیا جانا جاہئے۔
اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری دو روزہ دورے پر ہندوستان گئے ہیں جہاں وہ نئی دہلی میں اعلی ہندوستانی حکام سے ملاقات کریں گے۔
جمعے کو علی شمخاني نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔