الوقت - روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کو غلط بیان بازی کے بجائے، شام کے سلسلے میں اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہئے۔
سرگئی لاوروف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شام کے بارے میں امریکا کی جانب سے ایران اور روس سے وضاحت طلب کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بہتر ہوگا کہ اس قسم کی باتیں کرنے کے بجائے امریکی حکام اپنے آپ کو آئینے میں جا کر دیکھیں۔ ایک صحافی نے پوچھا تھا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں امریکا، ایران اور روس سے کیوں وضاحت طلب کرنا چاہتا ہے؟ اس کے جواب میں لاوروف کا کہنا تھا کہ امریکی ایسی باتیں کرنے کے بجائے اپنے آپ کو آئینے میں دیکھیں اور ان وعدوں کو پورا کریں جو انہوں نے جنوری2016 میں کئے تھے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے جاری سال کے جنوری مہینے میں وعدہ کیا تھا کہ وہ شام میں دہشت گردوں کے قبضے والے علاقوں سے جنگجوؤں کو باہر نکال دے گا لیکن اس نے اب تک اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا ہے۔ لاوروف کا یہ بیان جمعے کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے شام کے سلسلے میں ان کی مجوزہ ملاقات سے ٹھیک پہلے سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنے وعدوں کے مطابق، شام میں جنگ بندی سے باہر رکھے گئے داعش اور النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کے خلاف شدید کارروائی کی راہ ہموار کرنی چاہئے۔