الوقت - افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بلوچستان کے مسئلے پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی حمایت کی ہے۔ ہندوستان کے دورے پر پہنچے حامد کرزئی نے "آج تک" کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ بلوچستان میں پاکستان فوج کے تشدد کا مسئلہ مسلسل سامنے آ رہا ہے اور پاکستان کی اس پالیسی کا خمیازہ پڑوس کے اور علاقوں کے لوگوں کو بھی بھگتنا پڑ رہا ہے۔
دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان کو نشانے پر لیتے ہوئے حامد کرزئی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے لئے سیف ہیون بنا ہوا ہے۔ حامد کرزئی نے ساتھ ہی کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کو مسلسل فروغ مل رہا ہے، جو کہ پورے علاقے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ یہ کسی کے بھی حق میں نہیں ہے۔ دہشت گردی کسی کے حق میں نہیں ہے اور افغانستان، ہندوستان، پاکستان اور سب کو امن کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔
حامد کرزئی نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے بلوچستان کے عوام کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی بات کی۔ یہ ٹھیک ہے۔ ہمیں مسلسل اس طرح کی سرکوبی کی اطلاع ملتی ہے۔
پاکستان کے ان الزامات پر کہ ہندوستان، افغانستان اور بلوچستان کا استعمال پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کے لئے کر رہا ہے۔ حامد کرزئی نے کہا کہ یہ غلط ہے۔ حامد کرزئی نے افغانستان میں پاکستان کی جانب سے پھیلائے جا رہی دہشت گردی سے سختی سے نمٹنے اور اس میں ہندوستان کی جانب سے فوجی مدد کی بھی حمایت کی۔