الوقت - پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو جموں و کشمیر پر گفتگو کے لئے مدعو کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستان نے سنیچر کو واضح کر دیا کہ وہ ہندوستان - پاکستان تعلقات کے 'معاصر اور متعلقہ' مسائل پر ہی گفتگو کرے گا۔ ہندوستان نے کہا کہ اس بار ان مسائل میں پاکستان کی جانب سے حمایت یافتہ سرحد پار دہشت گردی کو روکنے کا موضوع بھی شامل کیا جائے گا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ ہندوستان دونوں ممالک کے تعلقات میں عصر حاضر اور متعلقہ مسائل پر گفتگو کا خیر مقدم کرے گا۔ اس بار کی گفتگو میں پاکستان کی حمایت یافتہ سرحد پار دہشت گردی اور بہادر علی جیسے دہشت گردوں کی دراندازی کو روکنے جیسے مسائل شامل کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد اور سرحد پار دہشت گردی کو بھڑکانا، حافظ سعید اور سید صلاح الدین جیسے عالمی سطح پر دہشت گردانہ مانے گئے لوگوں کے جلوس نکالنے کی اجازت اور پاکستان میں ممبئی حملے کی سماعت اور پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کو لے کر سنجیدگی سے آگے بڑھنا ان مسائل میں شامل ہے۔