الوقت - حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کو افغان طالبان نے رہا کر دیا اور یہ عملہ پاکستان پہنچا دیا گیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی گئی کہ ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 6 ارکان کو قبائل کے درمیان معاہدے کے تحت رہا کیا گیا، جو آج اسلام آباد پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ طالبان نے عملے کے 7 افراد کو یرغمال بنایا۔ ترجمان کے مطابق عملے کو فاٹا میں پاک-افغان سرحد کے قریب پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا، جنھیں بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا۔
ترجمان نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ بازیاب ہونے والا تمام عملہ بالکل محفوظ اور صحت یاب ہے۔