الوقت - غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کو دو سال گزر جانے کے باوجود اس علاقے میں 13 ہزار فلسطینی خاندان بے گھر ہیں۔
امریکا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں رہنے والے بہت سے فلسطینی خاندان، جو اسرائیل کی جانب سے 55 روزہ حملوں کی وجہ سے اپنے گھر تباہ ہونے سے بے گھر ہو گئے تھے، اب بھی عارضی خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے بھی حال ہی میں ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ 55 روزہ جنگ میں فلسطینیوں کے 18 ہزار گھر تباہ ہو گئے تھے۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو سال میں فلسطینیوں کے ساڑھے چار ہزار گھر مسمار ہوئے ہیں۔
فلسطین کے رہائشی امور کے وزیر مفید حسائنہ نے بتایا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے مدد فراہم کرنے کے اپنے وعدے پورے نہ کئے جانے کی وجہ سے غزہ پٹی کے بے گھر لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی برادری نے 2014 میں وعدہ کیا تھا کہ غزہ پٹی کی تعمیرات نو کے لئے ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی مدد دی جائے گی لیکن اب تک صرف اس کا تیس فیصد حصہ ہی دیا گیا ہے۔