الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی شعبوں میں تہران - اسلام آباد تعلقات میں پہلے سے زیادہ توسیع پر تاکید کی ہے۔
انہوں نے ہفتہ کو تہران میں پاکستان کے سکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری سے ملاقات میں کہا کہ اقتصادی تعلقات میں توسیع کے لئے بینکنگ تعاون میں توسیع ضروری ہے اور دونوں ممالک کو بینکاری کے تعلقات میں توسیع کے لئے کسی بھی طرح کے مسئلے کا سامنا نہیں ہے اور پاکستانی بینک بغیر کسی مسئلے اور رکاوٹ کے اپنے تعاون کو تیز کر سکتے ہیں۔
جواد ظریف نے اسی طرح دہشت گردی اور انتہا پسندی سے مقابلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مشترکہ خطرے کے طور پر داعش اور القاعدہ سے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کے سکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے اس ملاقات میں پاکستان اور ایران کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات وسیع ہو رہے ہیں اور پاکستان کی کمپنیاں ایران کی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ ہیں۔