الوقت - روس کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس مشرق وسطی میں سب سے بہترین اور تجربہ کار فوج ہے۔ روس کے فوجی اور سیاسی امور کے مطالعہ مرکز کے سینئر محقق نے ایرانی فورسز کی جنگی توانائی کا لوہا مانا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ مشرق وسطی میں ایران کے پاس سب سے تجربہ کار اور بہترین فوج ہے جس کے پاس ایک شدید جنگ میں کامیابی کا تجربہ ہے۔
فوجی امور کے ماہر اور محقق اناطولی سگانوک نے پیر کو ارنا سے انٹرويو میں کہا کہ ایرانی فوجیں اعلی فوجی صلاحیتوں کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف 8 سالہ جنگ میں ان کے کارناموں سے اس کی تصدیق ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے ایک مکمل اور وسیع جنگ میں بھرپور صلاحیت کے ساتھ ملک کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کی حفاظت کی۔ اناطولی سگانوک نے کہا کہ عراق کی بعثی فوج کو امریکا سے لے کر سعودی عرب تک سب کی جانب سے ہر قسم کی فوجی اور سیاسی مدد کے باوجود، ایران نے اس سازش کو ناکام بنا دیا جس سازش کے تحت یہ جنگ شروع کی گئی تھی۔
اناطولی سگانوک نے کہا کہ 8 سال کی جنگ کا تجربہ یہ بتاتا ہے کہ ایرانی فوجوں میں وسیع کاروائی کرنے کی صلاحیت ہے اور میدان جنگ کا ان کا حوصلہ بہت بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ ان افواج نے ایک غیر مساوی جنگ میں دشمن کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو جھکانے کی کوشش کو، ناکام بنا دیا۔