الوقت - امریکا کے ایک اعلی کمانڈر جان ڈبلیو نکولسن کا کہنا ہے کہ افغانستان میں سرگرم داعش کے دہشت گردوں میں 70 فیصد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
امریکا کے اس فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ داعش کے یہ رکن ملک سے بے دخل کیے جانے کی بناء پر داعش کا حصہ بن گئے۔
افغانستان میں نیٹو اور امریکی افواج کے سربراہ جنرل جان ڈبلیو نکولسن کا کہنا تھا کہ اگرچہ امریکا 15 سال سے افغانستان میں لڑ رہا ہے، تاہم ایک درجن سے زائد دہشت گرد گروپ اب بھی یہاں سرگرم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد پاکستان میں ہونے والے فوجی آپریشن ضرب عضب کے دوران ملک سے باہر جانے پر مجبور ہوئے۔
جنرل نکولسن کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ ننگرہار میں داعش کے کئی جنگجوؤں کا تعلق پاکستان کی اورکزئی ایجنسی سے ہے۔ امریکی فوجی کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند عراق اور شام میں اپنے ٹھکانوں سے اپنے انتہا پسند نظریے کو افغانستان اور دیگر ممالک میں منتقل کررہے ہیں۔