الوقت - افغان طالبان کے ایک وفد نے چین کا دورہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں افغان طالبان کے ایک وفد نے چین کے دورے کے دوران افغانستان کی صورتحال پر چینی حکام سے گفتکو کی ۔ طالبان کے ذرائع نے بتایا کہ چینی حکام کی دعوت پر 18 سے 22 جولائی تک قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ عباس اسٹانکزئی کی قیادت میں طالبان کے وفد نے چین کا دورہ کیا۔
طالبان کے ایک عہدے دار نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ہمارے دنیا کے مختلف ممالک سے اچھے تعلقات ہیں اور چین بھی ان میں سے ایک ہے۔ طالبان کے اس عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے چینی حکام کو غیر ملکی افواج کے قبضے اور افغان عوام پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چینی قیادت ان مسائل کو عالمی سطح پر اٹھانے میں ہماری مدد کرے اور قابض فوجیوں سے آزادی حاصل کرنے میں ہماری معاونت کرے۔
افغان طالبان کے وفد کے دورہ چین کی تصدیق طالبان کے دیگر سینئر ارکان نے بھی کی ہے تاہم چینی وزارت خارجہ کا ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔