الوقت - شام نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے حامیوں کو سزا دی جائے۔
شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کو الگ الگ خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ "احرارالشام" اور "جیش الاسلام" جیسے گروہوں کو دہشت گرد گروپ تصور کیا جائے۔
ان خطوط میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان کو اپنی وہ پالیسی بدلنی چاہیے جس کے تحت وہ "احرارالشام" اور "جیش الاسلام" جیسے گروہوں کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں رکھنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ شام کی وزارت خارجہ کے مطابق "نورالدین زنكي" اور "جیش الفتح" جیسے گروہوں کو بھی دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں رکھا جائے۔
شام کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی کونسل کے کچھ اراکین ریاض، انقرہ، دوحہ، پیرس اور لندن حکومتوں کے بارے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں جو دہشت گردی کی حامی ہیں۔
شام کے وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق شام میں خودکش اور دہشت گرد کاروائیاں کرنے کا بنیادی مقصد، جنیوا امن مذاکرات کو ناکام بنانا ہے۔
واضح رہے کہ شام کی وزارت خارجہ نے بدھ کی رات ایک بیان جاری کرکے دمشق اور قامشلي میں کئے جانے والے دھماکوں کا مقصد، امن مذاکرات کو متاثر کرنا قرار دیا تھا۔