الوقت - تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے برطانیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس میں گرجا گھر پر حملے کے بعد ہمارا اگلا نشانہ لندن ہے۔
داعش کی جانب سے یہ دھمکی، برطانوی پولیس کی جانب سے اس ملک میں دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں جاری کی گئی وارننگ کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہے۔ برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ اس ملک میں کسی بھی طرح کا دہشت گردانہ حملہ ہو سکتا ہے۔
برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس نے پورے برطانیہ میں گرجا گھروں کو نوٹس بھیجا ہے کہ جس میں فرانس جیسے واقعے کے امکان کے پیش نظر خبردار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسی طرح برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بھی کہا ہے کہ فرانس کے واقعہ کے بعد، برطانیہ میں دہشت گردانہ حملے کے امکانات زیادہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار دی سن کے مطابق، لندن سمیت دنیا کی اہم دارالحکومتوں پر حملے کی دھمکی پر مبنی فوٹو داعش کے ٹیلی گرام گروپ پر شائع ہوئی ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے فرانس میں ایک گرجا میں یرغمال بنانے اور اس کے پادری کا سر قلم کرنے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ نے اس واقعہ کے متاثرین کے اہل خانہ اور فرانس سمیت دنیا کی عیسائی برادری کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ "یہ جرم دہشت گردوں کے جرائم کی زنجير کی ایک کڑی ہے کہ جس میں انسانی زندگی اور اس کی ساکھ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔"
واضح رہے کہ داعش کے دو دہشت گردوں نے منگل کو فرانس کے نارمینڈي ریاست میں ایک گرجا گھر پر حملہ کر پادری کا سر تن سے جدا کر دیا تھا۔
اس حملے میں کہ جس کی ذمہ داری داعش نے لی، 3 لوگوں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔