الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جاری بحران کے درمیان ہندوستان اور پاکستان کے رہنماؤں کی بیان بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے بیان کے بعد ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے انہیں جواب دیا اور اب ان کی بات کا جواب دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہندوستانی وزیر خارجہ کو نہیں بلکہ کشمیری عوام کو ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس وقت کا انتظار ہے جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ نواز شریف کے بیان پر ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھ کہ پاکستان کا کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کشمیر میں ریفرنڈم کی اجازت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کشمیری عوام پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے تو پوری دنیا اسے قبول کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر بھی کشمیریوں پر ظلم کے خلاف آواز اٹھنے لگی ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو یہ یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام، اقوام متحدہ میں منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے خود ارادیت کے حقوق، ان کی آزادی اور خود مختاری کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔