الوقت - عراق کے شہر بلد میں امام ہادی علیہ السلام کے فرزند "محمد بن علی" کے مرقد پر خود کش حملہ ہوا جس میں 35 زائرین شہید ہوگئے۔
پریس ٹی وی کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں فرزند امام ہادی علیہ السلام کے مرقد پر حملہ آور اور مسلح افراد نے ایک ساتھ حملہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی رات تین خود کش حملہ آور اپنی کمر پر دھماکہ خیز مادہ سے بھری بیلٹ باندھ کر شہر بلد میں "محمد بن علی" کے مرقد کے قریب پہنچے اور خود کش کارروائی کی۔ اس خود کش کارروائی کے فورا بعد کچھ مسلح افراد نے وہاں پر موجود لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برساني شروع کر دیں۔ اس خود کش حملے میں کم از کم 35 افراد شہید ہو گئے جن میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
حملے میں 52 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے جس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ شہر بلد عراق کے صلاح الدین صوبے میں واقع ہے جو دارالحکومت بغداد سے 80 کلومیٹر شمال میں ہے۔ یہاں پر امام ہادی علیہ السلام کے فرزند "محمد بن علی" کا روضہ ہے۔
دوسری جانب بلد میں امام علی نقی علیہ السلام کے فرزند سید محمد کے مرقد پر کئے جانے والے خود کش حملے کے فورا بعد عراق کے صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر نے اپنے بہت سے مسلح افراد کو بلد شہر بھیج دیا ہے۔
مقتدی صدر نے جمعے کو سید محمد یا محمد بن علی کے مرقد پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد مقدس مقامات کی حفاظت کے مقصد سے اپنے بہت سے مسلح افراد کو بلد بھیج دیا۔
مقتدی صدر نے آج کئے جانے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے گھناونا اقدام قرار بتایا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ لوگ عراق کے سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ عید کے دوسرے دن جب عراق کے لوگ، كرادہ دھماکے کے شہداء کی یاد میں ڈوبے ہوئے تھے، بلد شہر میں امام علی نقی علیہ السلام کے فرزند سید محمد کے مزار پر جمعے کو خودکش دھماکہ کیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق تین حملہ آوروں نے سید محمد کے روضہ پر خود کش حملہ کیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ شہید اور زخمی ہو گئے۔ خود کش حملہ آور، مرقد کے اندر گھسنا چاہتے تھے لیکن سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی وجہ سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔عراقی رضاکار فورس، ایک خود کش کو زندہ پکڑنے میں کامیاب رہے جو جان بچا کر ایک دکان میں گھس گیا تھا۔