الوقت - پاکستان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم او چین، ڈرون حملوں کو روکے جانے کی پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور چین، پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کو روکے جانے کے حوالے سے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ڈرون حملے روکوانے میں حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور اسے او آئی سی، چین اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممالک اور تنظیمیں اس بات پر متفق ہوگئی ہیں کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی ان رپورٹس کا نوٹس لے جن میں بین الاقوامی برادری نے ڈرون حملوں کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں دہشت گردی اور انتہا پسندی میں اضافے کا باعث قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ڈرون روکوانے کا مسئلہ اٹھانے والی پاکستان کی سفیر نے کہا کہ ہمارے پاس یہ موقع ہے کہ اقوام متحدہ 2006 کے عالمی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا جائزہ لینے والا ہے اور یہ جائزہ ایک قرارداد کے ذریعے سے لیا جائے گا، یہ ایک معیاری طریقہ ہے جس سے قانونی مطالبات کی توثیق کی جارہی ہے اور پاکستان انسانی حقوق کونسل کی جانب سے ڈرون حملوں پر بنائی گئی رپورٹس کے مطابق اپنا موقف پیش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اعداوشمار سے قطع نظر امریکا نے ڈرون حملوں میں شہرویوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔