الوقت - ماسكو و انقرہ کے تعلقات کی برف پگھلنے کے ساتھ ہی روس کے وزیر خارجہ نے احتمال ظاہر کیا ہے کہ دونوں ملک، شام کے بحران کے حل کے لئے تعاون کر سکتے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سرگئی لاوروف نے بدھ کو پیرس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ روس اور ترکی کے تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں دونوں ممالک کے سربراہوں کی ٹیلیفونی گفتگو کے بعد اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ ماسكو و انقرہ ، بحران شام کے حل کے لئے اپنے تعاون کو بحال کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روس کے سوچی شہر میں علاقائی ممالک کے سربراہی اجلاس میں اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کریں گے اور بحران شام اور علاقائی و بین الاقوامی امور کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔
روس کے وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسی صورت میں سامنے آیا ہے کہ جب ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کو ماسكو و انقرہ کے تعلقات میں تلخی آنے کے بعد پہلی بار روس کے صدر ولادیمير پوتين سے ٹیلیفون پر بات کی۔ اس بات چیت کے بعد دونوں ممالک نے مستقبل قریب میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی خبر دی ہے۔ روس کے صدر نے بھی اس بات چیت کے بعد روسی سیاحوں کے ترکی جانے پر عائد پابندی کو ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ترکی کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بحال کرنے اور پابندیوں کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔