الوقت - روسی صدر ولاديمير پوتين کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے شامی سرحد پر روسی طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعہ پر روس سے معافی مانگ لی ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق، روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پیسكوف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ولاديمير پوتين کو رجب طیب اردوغان کا پیغام ملا جس میں انہوں نے واقعہ پر معافی مانگتے ہوئے مارے گئے پائلٹ کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ترکی نے دعوی کیا تھا کہ اس نے روس کے ایک طیارے کو سرحد کی خلاف ورزی کرنے پر مار گرایا۔ روس نے طیارے مار گرائے جانے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترکی سے معافی کا مطالبہ کیا تھا لیکن معذرت نہ کرنے پر روس نے دو طرفہ تجارتی و سیاحتی تعلقات منقطع کر دیئے تھے۔
روسی حکومت کی جانب سے رجب طیب اردوغان کا خط جاری کیا گیا ہے جس میں ترک صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں طیارہ واقعہ میں مارے گئے روسی پائلٹ کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور واقعہ پر معافی مانگتا ہوں۔
روسی صدر کے ترجمان نے رجب طیب اردوغان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترک صدر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے روس سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ اس سے پہلے ترک وزیر اعظم بن علی يلدرم نے کہا تھا کہ روس سے تعلقات کے بارے میں کئی جانب سے پیشرفت ہوئی ہے لیکن انہوں نے اس کی تفصیل بیان کرنے سے گریز کیا تھا۔ ترک میڈیا نے بھی معافی اور ترک صدر کے خط کی تصدیق کر دی ہے۔