الوقت - عراق صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر نے تاکید کی ہے کہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی بھر پور حمایت کی جانی چاہئے۔
مقتدی صدر نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت، عراق میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی شکل میں موجود امریکی زرخریدوں کے ساتھ جنگ جاری رکھے گی اور مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد میں فلسطینی عوام کا ساتھ دیتی رہے گی۔ صدر دھڑے کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب کو مسلمان ملکوں میں تفرقہ اندازی کا سلسلہ بند کرکے فلسطین کی آزادی کی راہ میں قدم بڑھانا چاہئے۔
مقتدی صدر نے کہا کہ عالم اسلام اور مسلمانوں کے تمام فرقوں نیز عرب اور غیر عرب مسلم اقوام سے فلسطین کے زیرپرچم متحد ہوجانے کی اپیل کی ہے ۔ سید مقتدی صدر نے کہا کہ سعودی عرب کے مفتیوں کو دوسرے مذاہب کے پیروں کاروں کے قتل کا فتوی دینے اور مذہبی فرقہ واریت پھیلانے کے بجائے، غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کی حمایت کرنا چاہئے۔